پائیدار زندگی گزارنے کے 10 عملی طریقے جو آج سے آپ اپنا سکتے ہیں
پائیدار اور اچھی زندگی گزارنے کے 10 طریقے جو ہر ایک کو اپنانے چاہیں
ہم سب جانتے ہیں کہ دنیا تیزی سے بدل رہی ہے۔ موسم بدل رہے ہیں، جنگلات کم ہو رہے ہیں، پانی کی قلت بڑھ رہی ہے اور ہوا میں زہریلی گیسیں بڑھتی جا رہی ہیں۔ اور یہ کتنی خطرناک ہیں اس کے لیے آپ (جی ڈی ایس کارپ) کی یہ رپورٹ پڑھ سکتے ہیں۔ ان سب مسائل کی جڑ ہماری روزمرہ کی عادات میں ہے۔ لیکن اگر تھوڑا سا غور کیا جائے تو ان سب مسائل کا حل بھی ہمارے ہی ہاتھ میں ہے۔
پائیدار زندگی کوئی بہت بڑا اور مشکل کام نہیں ہے۔ یہ چھوٹی چھوٹی عادات بدلنے سے شروع ہوتی ہے۔ جب ہم سب مل کر یہ چھوٹے قدم اٹھائیں گے تو بڑا فرق پڑ سکتا ہے۔ آج میں آپ کے ساتھ کچھ ایسے عملی طریقے شیئر کروں گا جو آپ آج سے ہی اپنی زندگی میں شامل کر سکتے ہیں۔
1. کم خریدیں، زیادہ استعمال کریں
ہمارا سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ ہم بغیر سوچے سمجھے بہت کچھ خرید لیتے ہیں۔ پلاسٹک کی تھیلیاں، ایک بار استعمال ہونے والی بوتلیں، کاغذ کے کپ یہ سب چیزیں ہماری زندگی میں اتنی عام ہو چکی ہیں کہ ہم انہیں نوٹس تک نہیں کرتے۔
اگر آپ واقعی تبدیلی لانا چاہتے ہیں تو سب سے پہلے کم خریدیں کا اصول اپنائیں۔ دکان جاتے وقت اپنا کپڑے کا بیگ ساتھ لے جائیں۔ پانی کی بوتل گھر سے بھر کر لے جائیں۔ جب بھی ممکن ہو پرانی چیزوں کو دوبارہ استعمال کریں۔ میں خود بھی پہلے بہت شاپنگ کرتا تھا، لیکن جب میں نے یہ عادت بدلی تو نہ صرف پیسے بچے بلکہ گھر میں کوڑا بھی بہت کم ہو گیا۔
2. توانائی کا خیال رکھیں
بجلی اور گیس ہماری زندگی کا اہم حصہ ہیں، مگر ان کا ضیاع بھی بہت بڑا مسئلہ ہے۔ گھر سے نکلتے وقت لائٹس، پنکھے اور ٹی وی بند کرنا شروع کریں۔ LED بلب استعمال کریں۔ گھر کو اچھی طرح انسولیٹ کریں تاکہ گرمیوں میں کولر اور سردیوں میں ہیٹر کم چلانا پڑے۔
رات کو سوتے وقت چارجر پلگ سے نکال دیں۔ یہ چھوٹی عادت پورے مہینے میں آپ کا بجلی کا بل بھی کم کر سکتی ہے اور ماحول کو بھی فائدہ پہنچا سکتی ہے۔انرجی کے بچاو کے لیے انرجی ڈیپارٹمنٹ کے مطابق مزید کیا اقدمات کر سکتے ہیں اس کے لیے لازمی وزٹ کریں۔
3. پانی بچائیں
پاکستان میں پانی کی قلت تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ ہم سب کو پانی کی قدر کرنی چاہیے۔ نہانے کا وقت کم کریں۔ ٹپکتی ٹونٹی فوراً ٹھیک کروائیں۔ کم پانی والے شاور ہیڈ اور ٹوائلٹ استعمال کریں۔
گھر میں رہتے ہوئے پانی کے ضیاع اور صحیح استعمال کیسے کیا جا سکتا ہے اس کے لیے آپ امریکن ریور کو وزٹ کر سکتےہیں۔
میں نے خود اپنے گھر میں پانی بچانے کے لیے ایک سادہ طریقہ اپنایا — نہانے کے بعد بالٹی میں جمع ہونے والا پانی پودوں کو دے دیتا ہوں۔ یہ چھوٹی سی بات لگتی ہے مگر مہینے کے آخر میں فرق نظر آتا ہے۔
4. نقل و حمل میں تبدیلی
کار روزانہ استعمال کرنے کی بجائے جب ممکن ہو پیدل چلیں، سائیکل استعمال کریں یا پبلک ٹرانسپورٹ لیں۔ اگر آپ کے پاس کار ہے تو اسے باقاعدگی سے ٹیون اپ کروائیں اور جب بھی ممکن ہو کار پولنگ کریں۔ روزانہ 30-40 منٹ واک کرنے کے انتہائی فوائد ہیں۔ اس پر ہم نے پہلے بہت تفصیل سے بلاگ لکھا ہے۔ آپ ضرور وزٹ کریں۔
میں نے دیکھا ہے کہ جب میں آفس جانے کے لیے سائیکل استعمال کرتا ہوں تو نہ صرف پیسے بچتے ہیں بلکہ جسم بھی فٹ رہتا ہے اور ماحول کو بھی فائدہ پہنچتا ہے۔
5. کھانے کے انتخاب میں احتیاط
کھانے کا انتخاب ہمارے ماحول پر بہت بڑا اثر ڈالتا ہے۔ مقامی اور موسمی سبزیاں استعمال کریں۔ گوشت کا استعمال کم کریں۔ جتنا ممکن ہو پلانٹ بیسڈ کھانا کھائیں۔
کھانے کی ضائع ہونے والی چیزوں کو کمپوسٹ بنائیں۔ یہ کھاد بن کر آپ کے پودوں کے لیے بہترین غذائیں بن جاتی ہے۔
6. سادگی اپنائیں
گھر میں غیر ضروری چیزیں جمع نہ کریں۔ جو چیز استعمال نہیں ہو رہی اسے بیچ دیں، دوسرے کو دے دیں یا ری سائیکل کریں۔ نئی چیز خریدنے سے پہلے سوچیں کہ کیا اس کی واقعی ضرورت ہے۔
سادگی سے زندگی گزارنے والے لوگ نہ صرف ماحول کو بچاتے ہیں بلکہ خود بھی زیادہ پر سکون رہتے ہیں۔
7. پائیدار برانڈز کی حمایت کریں
جب بھی خریداری کریں تو ایسے برانڈز کا انتخاب کریں جو ماحول کا خیال رکھتے ہوں۔ مقامی کاروباریوں کو سپورٹ کریں۔ ایسے پروڈکٹس خریدیں جو قابلِ ری سائیکل مواد سے بنے ہوں۔
8. کوڑے کو فن میں بدلیں
پرانی چیزوں کو پھینکنے کی بجائے انہیں نئی شکل دیں۔ پرانی بوتلیں پودوں کے گلدان بنا سکتے ہیں۔ پرانے کپڑوں سے شاپنگ بیگ بن سکتے ہیں۔
یہ نہ صرف ماحول بچاتا ہے بلکہ تخلیقی صلاحیت بھی بڑھاتا ہے۔
9. فطرت سے جڑیں
ہفتے میں کم از کم ایک بار باہر نکلیں۔ درخت لگائیں۔ پودوں کی دیکھ بھال کریں۔ فطرت کے قریب رہنے سے ہم اس کی قدر کرنا سیکھتے ہیں اور اسے بچانے کی ترغیب ملتی ہے۔
10. اسلامی نقطہ نظر سے پائیدار زندگی
اسلام ہمیں ہمیشہ اعتدال اور وسائل کی حفاظت کا درس دیتا ہے۔ اللہ تعالیٰ قرآن مجید میں فرماتے ہیں:
اور کھاؤ اور پیو، مگر اسراف نہ کرو۔ بے شک اللہ اسراف کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا۔(سورۃ الاعراف: ۳۱)
یہ آیت نہ صرف کھانے پینے کے بارے میں ہے بلکہ زندگی کے ہر شعبے میں فضول خرچی سے منع کرتی ہے۔ ہمارا دین ہمیں سکھاتا ہے کہ زمین اللہ کی امانت ہے۔ ہم اسے تباہ نہیں کر سکتے، بلکہ اس کی حفاظت کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔
جب ہم پلاسٹک کی تھیلیاں کم کرتے ہیں، پانی ضائع نہیں کرتے، اور ضرورت سے زیادہ چیزوں کو نہیں خریدتے تو ہم اللہ کے حکم کی پیروی کرتے ہیں۔ اسلام ہمیں سکھاتا ہے کہ فطرت کے ساتھ ظلم نہیں، بلکہ محبت اور رحم کا معاملہ کرنا چاہیے۔
آج اگر ہم پائیدار زندگی اپناتے ہیں تو یہ صرف ماحول بچانے کا کام نہیں، بلکہ ہم اپنے ایمان اور اللہ کی امانت کو بھی ادا کر رہے ہوتے ہیں۔